اکثر لوگ دنیا میں اس لیے آگے نہیں بڑھ پاتے کیونکہ وہ خود کو دوسروں سے کم سمجھنے لگتے ہیں۔ کسی کو اپنے قد سے مسئلہ ہے، کسی کو رنگ سے، کسی کو اپنے وزن سے، کسی کو اپنے چہرے سے، کسی کو اپنے بالوں سے۔ کوئی یہ سوچ سوچ کر پریشان رہتا ہے کہ میں گنجا ہوں، میرے بال کم ہیں، میرا قد چھوٹا ہے، میں بہت دبلا ہوں، میں بہت موٹا ہوں، میرا پیٹ باہر آ رہا ہے، میرا رنگ کالا ہے، لوگ مجھے کیسے دیکھتے ہوں گے۔ یہی سوچ آہستہ آہستہ انسان کا اعتماد کھا جاتی ہے۔
پھر انسان پوری زندگی صرف اپنے ظاہر کو بدلنے میں لگا دیتا ہے۔
کوئی وزن کم کرنے میں لگا ہے، کوئی وزن بڑھانے میں، کوئی قد بڑھانے کے طریقے ڈھونڈ رہا ہے، کوئی گورا ہونے کی کریمیں لگا رہا ہے، کوئی بال اگانے کی کوششوں میں اپنی جوانی گزار دیتا ہے۔ اور اسی دوڑ میں پوری زندگی گزر جاتی ہے۔ آخرکار موت آ جاتی ہے، لیکن انسان ایک احساسِ کمتری کے ساتھ دنیا سے چلا جاتا ہے۔
حالانکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو بہت خوبصورت بنایا ہے۔
قرآن میں اللہ تعالیٰ نے قسم کھا کر فرمایا:
﴿ لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ ﴾
ترجمہ:
“بے شک ہم نے انسان کو بہترین سانچے میں پیدا فرمایا۔”
یہ سوچنے کی بات ہے کہ جب اللہ، جو سب سے بڑا خالق ہے، وہ فرما رہا ہے کہ میں نے انسان کو بہترین شکل میں بنایا، تو پھر ہم اپنی شکل و صورت سے اتنے ناخوش کیوں رہتے ہیں؟
ہم اللہ کی مخلوق ہیں، اللہ کی بنائی ہوئی تصویر ہیں۔ ہمیں اپنے رب کی بنائی ہوئی شکل پر شکر ادا کرنا چاہیے، نہ کہ ہر وقت دوسروں سے اپنی ظاہری شکل کا مقابلہ کرتے رہنا چاہیے۔
اس کا مطلب یہ نہیں کہ انسان خود کو چھوڑ دے۔
اپنے آپ کو صاف ستھرا رکھنا، اچھا لباس پہننا، جسمانی صحت کا خیال رکھنا، یہ سب اچھی باتیں ہیں۔ بلکہ سنت یہ سکھاتی ہے کہ انسان پاکیزہ رہے، خوشبو لگائے، اچھے لباس پہنے اور اپنے آپ کو مہذب رکھے۔ لیکن پوری زندگی صرف اپنے ظاہری جسم کو بدلنے کی فکر میں گزار دینا دانشمندی نہیں۔
اگر بدلنا ہی ہے تو اپنے اخلاق بدل لو۔
اپنا کردار بدل لو۔
اپنی زبان بہتر کر لو۔
اپنے معاملات بہتر کر لو۔
رسول اللہ ﷺ کی سنتوں کو اپنی زندگی میں لے آؤ۔
کیونکہ اصل خوبصورتی چہرے کی نہیں، کردار کی ہوتی ہے۔ دنیا میں کتنے ہی خوبصورت چہرے ایسے ہیں جنہیں لوگ ان کے اخلاق کی وجہ سے ناپسند کرتے ہیں، اور کتنے ہی سادہ لوگ ایسے ہیں جنہیں ان کے کردار کی وجہ سے دلوں میں جگہ مل جاتی ہے۔
زندگی کا مقصد صرف خوبصورت نظر آنا نہیں ہے۔
اللہ نے ہمیں ایک مقصد کے لیے دنیا میں بھیجا ہے؛ اپنے رب کو پہچاننے کے لیے، اس کی عبادت کے لیے، اچھا انسان بننے کے لیے، لوگوں کے لیے آسانی پیدا کرنے کے لیے۔ اس لیے اپنی زندگی احساسِ کمتری میں نہ گزاریں۔ جیسے ہیں، اللہ کا شکر ادا کریں۔ خود کو مناسب حد تک مینٹین رکھیں، لیکن ہر وقت آئینے کے سامنے اپنی خامیاں تلاش نہ کرتے رہیں۔
یاد رکھیں،
اعتماد خوبصورتی سے نہیں آتا،
اعتماد اللہ پر یقین اور اپنے آپ کو قبول کرنے سے آتا ہے۔
— از قلم: محسن موٹن
#MohsinMoten #selfimprovement #selfconfidence #psychology #anxietyrelief #EhsaseKamtari

Comments
Loading comments…