Be a proud Muslim | Urdu Blog by Mohsin Moten

Be a proud Muslim | Urdu Blog by Mohsin Moten

August 21, 20263 min read4 viewsBy Mohsin Moten

آج جو لوگ اسلام پر چلنے کی کوشش کرتے ہیں، جو دینی شعائر کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں دنیا کی رنگینیوں میں کھوئے ہوئے لوگ یہ احساس دلانے کی کوشش کرتے ہیں کہ داڑھی، ٹوپی، پگڑی، پردہ اور نقاب بیکورڈنس ہیں، یہ پرانے خیالات ہیں۔ انہیں کہا جاتا ہے کہ ماڈرن دنیا کے ساتھ خود کو بدل لو، اپنا لباس بدل لو، دنیا کے رنگ میں رنگ جاؤ۔ پھر انہیں اس کے راستے بھی بتائے جاتے ہیں اور دینی دلیلیں نکال نکال کر سمجھایا جاتا ہے کہ اس طرح بھی کر سکتے ہو اور ایسے بھی کر سکتے ہو۔

لیکن بات صرف اتنی ہے کہ اپنے اسلام پر ڈٹ جاؤ۔

ہمیں اپنے محمدی ہونے پر ناز ہو۔

ہمیں سر پر پگڑی سجانے پر ناز ہو۔

ہمیں سر پر ٹوپی پہننے پر ناز ہو۔

ہمیں چہرے پر داڑھی رکھنے پر ناز ہو۔

ہمیں اپنے پردے پر ناز ہو۔

ہمیں اپنے محمدی اخلاق پر ناز ہو۔

ہمیں اپنے محمدی کردار پر ناز ہو۔

حضور اکرم ﷺ کی ایک ایک سنت ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہمیں کسی کے درمیان حضور ﷺ کی سنت کو اپناتے ہوئے شرم نہیں آنی چاہیے۔ ہمیں کسی کے درمیان اسلامی لباس پہنتے ہوئے شرم نہیں آنی چاہیے۔

اسلام پر ڈٹ جاؤ!

شیطان ہمیں دنیا کی رنگینیاں دکھاتا ہے، ہمیں دنیا سے ڈراتا ہے، ہمیں دین سے دور کرنے کی کوشش کرتا ہے اور ہمیں فقر و ناکامی کا خوف دلاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:

﴿اَلشَّيْطٰنُ يَعِدُكُمُ الْفَقْرَ وَيَاْمُرُكُمْ بِالْفَحْشَاءِۚ وَاللّٰهُ يَعِدُكُمْ مَّغْفِرَةً مِّنْهُ وَفَضْلًا﴾

ترجمہ: شیطان تمہیں تنگ دستی سے ڈراتا ہے اور بے حیائی کا حکم دیتا ہے، جبکہ اللہ تم سے اپنی مغفرت اور فضل کا وعدہ فرماتا ہے۔

(سورۃ البقرۃ: 268)

یعنی شیطان تمہارے دل میں یہ خوف ڈالے گا کہ دین پر چلو گے تو پیچھے رہ جاؤ گے، سنت پر عمل کرو گے تو لوگ کیا کہیں گے، پردہ کرو گے تو ترقی رک جائے گی، حلال و حرام کا خیال رکھو گے تو دنیا میں ناکام ہو جاؤ گے۔

مگر اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ شیطان کے خوف میں نہ آؤ، میرے فضل اور میری رحمت پر یقین رکھو۔

اسلام پر چلنا پسماندگی نہیں، اسلام ہی اصل روشن خیالی ہے۔

اسلام کمزوری نہیں، اسلام ہی طاقت ہے۔

اسلام ناکامی نہیں، اسلام ہی کامیابی ہے۔

اس لیے دنیا کے طعنے، مذاق اور لوگوں کی باتوں سے مت گھبراؤ۔ اپنے اسلام پر ڈٹ جاؤ، اپنی سنت پر ڈٹ جاؤ، اپنے پردے پر ڈٹ جاؤ، اپنے محمدی لباس، محمدی اخلاق اور محمدی کردار پر ڈٹ جاؤ۔

ہمیں دنیا کے رنگ میں نہیں رنگنا، ہمیں اپنے نبی ﷺ کے رنگ میں رنگنا ہے۔

تحریر: محسن موٹن

proud-muslim-identityislamic-values-modern-worldmohsin-moten-urdu-blogislamic-attire-importancepreserving-islamic-identityislam-vs-modernizationsunnah-lifestyle-benefitsovercoming-social-pressure-islamreligious-identity-societyimportance-of-hijab-niqabsunnah-beard-significance

Mohsin Moten

Retail business Expert - Motivational Speaker - Writer

Comments

Loading comments…

Be a proud Muslim | Urdu Blog by Mohsin Moten